ممبئی: اداکار قادر خان کے بیٹے سرفراز خان نے بالی ووڈ فنکاروں کی بے حسی پر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود کو میرے والد کا بیٹا کہنے والے گووندا نے آج تک انہیں فون نہیں کیا۔
قادر خان کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کرنےوالے اداکار گووندا نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ قادر خان نا صرف ان کے استاد تھے بلکہ وہ ان کے والد کی طرح تھے۔
گووندا کے اس بیان پر قادر خان کے بیٹے سرفراز خان نے ہنستے ہوئے بالی ووڈ اداکاروں کی بے حسی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مہربانی کرکے گووندا سے پوچھیں کہ خود کو قادر خان کا بیٹا کہنے والے نے انہیں کتنی بار فون کر کے ان کی صحت کے متعلق پوچھا تھا یہاں تک کہ انہوں نے میرے والد کے گزر جانے کے بعد ایک بار بھی فون نہیں کیا۔‘‘
سرفراز نے مزید کہا کہ ’’میرے والد بالی ووڈ میں بہت سارے لوگوں کے قریب تھے لیکن امیتابھ بچن کے ساتھ ان کا خاص تعلق تھا، وہ بچن صاحب سے بے حد محبت کرتے تھے۔ والد کی بیماری کے دوران میں نے ان سے پوچھا تھا کہ آپ بالی ووڈ میں سب سے زیادہ کسے یاد کرتے ہیں تو انہوں نے کہا تھا کہ وہ امیتابھ بچن کو بہت یاد کرتے ہیں۔ میں چاہتاہوں بچن صاحب کو یہ بات معلوم ہو کہ میرے والد آخری وقت تک صرف ان کے بارے میں ہی باتیں کرتے رہتے تھے۔‘‘