سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹی تشکیل

07:50 AM, 4 Jan, 2019

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ ماہ حکومت پنجاب کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ آئی جی موٹر ویز اے ڈی خواجہ ہوں گے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکینش کے مطابق کمیٹی میں آئی ایس آئی کی نمائندگی لیفٹیننٹ کرنل محمد عتیق الزمان، ایم آئی کی طرف سے لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آئی بی محمد احمد کمال شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پولیس گلگت بلتستان قمر رضا جے آئی ٹی کے ممبر ہوں گے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کے مطابق کمیٹی سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق معاملات کی تحقیقات کرے گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نئی جےآئی ٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے ورثاء کی ساڑھے 4 سال کے بعد شنوائی ہوئی ہے۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ کوئی اور ہوتا تو کیس دفن ہو چکا ہوتا اور قبر کا نشان بھی نہ ملتا۔

واضح رہے کہ 17 جون 2014 کو ماڈل ٹاؤن میں پنجاب پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے ورکرز کے درمیان ہاتھا پائی میں 14 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں