پشاور: دہشت گردی سے تباہ شدہ مالم جبہ ہوٹل اور سکائی ریزورٹ سوات کا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا جبکہ چیئرلفٹ اور سکیئنگ ٹریک پہلے ہی مکمل ہونے کیساتھ سیاحوں کیلئے کھول دیا گیاہے۔ ہوٹل بھی بہت جلد تکمیل کے بعد سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔
موسم سرما کی آمد اور پہلی برف باری ہوتے ہی نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاح مالم جبہ میں سکیئنگ سے لطف اندوز ہونے کیلئے اس علاقے کا رخ کرتے ہیں۔ اس سیاحتی مقام کو 2007-8 میں دہشت گردوں نے مکمل طور پرتباہ کردیا تھاجبکہ اٹھارویں ترمیم سے قبل مالم جبہ سیاحتی مقام وفاقی حکومت کے محکمہ سیاحت کے زیرانتظام تھا اور 18ویں ترمیم کے بعد صوبہ خیبرپختونخواکے حوالے ہو گیا۔
12 ایکڑ پرمشتمل رقبے پر سکائی ریزورٹ اور چیئرلفٹ تعمیر کی گئی ہے جبکہ پرانا ہوٹل اور چیئرلفٹ 12 ایکڑ رقبے پر ہی مشتمل تھاجہاں ہرسال ہزاروں سیاح سیر کرنے آتے تھے۔اس سے متصل 257 ایکڑ جنگلی علاقہ سیاحوں کی تفریح اور چہل قدمی کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔ سیاحوں کی تفریح اور چہل قدمی والا علاقہ بدستور محکمہ جنگلات کے زیرانتظام ہی رہے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے مالم جبہ ہوٹل، چیئرلفٹ، سکائی ریزورٹ اور متصل رقبے کی صراحت 2016 میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی تھی جس میں سیاحوں کیلئے مالم جبہ میں دہشتگردی سے متاثر ہونے والے ریزورٹ کی تعمیر، چیئرلفٹ سمیت سکیئنگ ٹریک وغیر ہ شامل تھے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سیاحوں کی تفریح کا ایک بہترین سیاحتی مقام مکمل طور پر بحال ہوجائیگا بلکہ مقامی معیشت میں بہتری آنے کیساتھ ساتھ روزگار کے سینکڑوں مواقع بھی میسر ہوسکیں گے اورصوبائی حکومت کو خاطر خواہ محاصل بھی ملیں گے۔