مردان: مشال قتل کیس کے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد زیرحراست ملزمان کی تعداد 58 ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مردان میاں سعید کے مطابق مشال قتل کیس کے ملزم اظہار عرف جونی کو مردان کے علاقے صدر سے گرفتار کیا گیا جب کہ ملزم گزشتہ 8 ماہ سے پولیس کو مطلوب تھا۔
ڈی پی او کے مطابق ملزم اظہار کے قبضے سے کلاشنکوف، کلاکوف اور ایک پستول بھی برآمد ہوئی ہے جس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ڈی پی او مردان میاں سعید کے مطابق مشال قتل کیس میں مجموعی ملزمان کی تعداد 61 ہے جن میں سے 58 کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اب بھی 3 ملزمان مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 13 اپریل کو مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالبعلم مشال خان کو ایک مشتعل ہجوم نے تشدد اور فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔