2017ءفضائی سفر کی تاریخ کا محفوظ ترین سال رہا، ذرائع

09:04 AM, 4 Jan, 2018

نیدرلینڈز : فضائی حادثوں کا ریکارڈ رکھنے والے بین الاقوامی اداروں کا کہنا ہے کہ سال 2017ءفضائی سفر کی تاریخ کا محفوظ ترین سال تھا کیونکہ اس پورے سال کے دوران مسافر طیاروں کے حادثے کا ایک بھی واقع پیش نہیں آیا۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ بیان ایوی ایشن کنسلٹنگ کمپنی TO70 اور ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ۔ 


رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی اعدادوشمار کے مطابق ہر ایک کروڑ 60 لاکھ پروازوں میں سے کسی ایک پرواز کو تباہ کن حادثہ پیش آتا ہے۔ اگرچہ گزشتہ سال کے دوران کسی مسافر طیارے کو تباہ کن حادثہ پیش نہیں آیا البتہ اس سے کم درجے کے 10 حادثات ضرور پیش آئے جن میں 44 افراد ہوائی جہازوں میں اور 35 افراد زمین پر جاں بحق ہوئے۔ یہ حادثات کارگو طیاروں اور کمرشل پسنجر ٹربوپراپ ہوائی جہازوں کو پیش آئے۔ ان میں سال کے آخری دن پیش آنے والا حادثہ بھی شامل ہے جس میں نیچر ایئر کا سیسنا 208 بی گرینڈ کاروان ہوائی جہاز کوسٹاریکا کی پہاڑوں میں حادثے کا شکار ہوا۔


اس کے برعکس 2016ءمیں اس نوعیت کے کل 16 حادثات پیش آئے جن میں 303 اموات ہوئیں۔ گزشتہ سال پیش آنے والے ہوائی حادثوں میں خطرناک ترین سال کے شروع میں جنوری کے مہینے میں پیش آیا جب ترکی کا ایک مال بردار طیارہ کرغستان کے ایک گاﺅں کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ یہ حادثہ شدید دھند کی وجہ سے پیش آیا اور اس کی وجہ سے عملے کے چار افراد اور زمین پر 35 افراد کی اموات ہوئیں۔ مجموعی اعدادوشمار کی بناءپر 2017ءکو تباہ کن حادثات اور ان حادثات کے نتیجے میں ہونے والی اموات، ہر دو لحاظ سے محفوظ ترین سال قرار دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں