لاس اینجلس : سوشل میڈیا پر عوامی حلقوں نے ہالی وڈ اداکار برینڈن فریزر کو ٹام کروز سے بہتر قرار دیدیا۔ ہالی وڈ اداکار ٹام کروز کی نئی فلم ”دی ممی“ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹام کروز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم کے ”بی ہائنڈ دی سینز“ یعنی پس پردہ مناظر کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جسے دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں کس طرح مختلف ایکشن اور خوفناک مناظر کو فلم بند کیا گیا ہے۔
وڈیو میں ٹام کروز نے فلم میں کام کرنے کو بہترین تجربہ قرار دیا۔ دوسری جانب فلم ” دی ممی“ کا پہلا ٹیزر جاری ہونے کے بعد ٹوئٹر پر صارفین نے پرانے اداکاروں کو کاسٹ نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے فلم ”دی ممی“ سیریز کی 3 فلموں کے مرکزی کرداروں ریچل ویز اور برینڈن فریزر کی غیر موجودگی میں فلم میں مزہ نہیں آئے گا۔
انہوں نے برینڈن فریزر کو ٹام کروز سے بہتر قرار دیا جبکہ کچھ صارفین نے تو یہ ماننے سے ہی انکار کردیا کہ برینڈن فریزر کے بغیر بھی فلم ”دی ممی“ بن سکتی ہے۔