لاہور:پنجاب حکومت نے اس سال رمضان بازار یا راشن پیکج کی بجائے مستحق خاندانوں کو نقد رقم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبے بھر میں تقریباً 30 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے تاکہ رمضان کے مہینے میں مستحق افراد کی مالی معاونت کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے کی رقم دی جائے گی، جو کہ گھر کی دہلیز تک پہنچائی جائے گی۔ اس رقم کی فراہمی کے لیے بینک آف پنجاب، پے آرڈر کے ذریعے پاکستان پوسٹ کے ساتھ تعاون کرے گا۔ رقم وصول کرنے کے لیے شناختی کارڈ کی بائیو میٹرک تصدیق ضروری ہوگی۔
اس پروگرام کے تحت بینک کو 51 کروڑ 9 لاکھ روپے سروس چارجز کی مد میں ادا کیے جائیں گے، جبکہ پاکستان پوسٹ کو 82 کروڑ 5 لاکھ روپے سروس چارجز ادا کیے جائیں گے۔
یہ رمضان پیکج پنجاب حکومت کی جانب سے لاکھوں خاندانوں کے لیے رمضان کی خاص مدد فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔