دہشت گردوں کو پناہ دینا ملک دشمنی کی سب سے بڑی مثال ہے، وزیراعظم شہباز شریف

دہشت گردوں کو پناہ دینا ملک دشمنی کی سب سے بڑی مثال ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کو پاکستان میں دوبارہ داخل ہونے کا موقع دینا ملک کے خلاف سب سے بڑی دشمنی تھی۔

اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کے ارکان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ چند سال پہلے ایک حکومت نے دہشت گردوں کو پناہ دی، جو پاکستان کے مفادات کے خلاف تھا۔ یہ اقدام پاکستان کے لیے سب سے بڑی دشمنی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں پہلے ہی ہو چکی تھیں، لیکن بدقسمتی سے پچھلی حکومت نے دہشت گردوں کو دوبارہ پاکستان میں گھسنے کا موقع دیا اور انہیں امن کا نمائندہ قرار دیا۔

وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ ہم جوانوں کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ترسیلات زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کی بدولت ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی ترقی میں اہم ستون قرار دیا اور کہا کہ ان کے تجربات سے ملک و قوم کو فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ گرین چینل کے معاملے پر ان کے ساتھ بیٹھ کر اس کو دوبارہ فعال کریں۔

مصنف کے بارے میں