واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پر عائد کیے گئے تجارتی ٹیرف کو ایک ماہ کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے بعد سامنے آیا، جس میں ٹرمپ نے میکسیکو کی صدر کلاڈیا پارڈو سے بات کی۔
امریکی انتظامیہ کے مطابق، میکسیکو نے امریکا میں منشیات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی حامی بھری ہے اور سرحد پر 10 ہزار نیشنل گارڈز بھی تعینات کرے گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی انتظامیہ میکسیکو کے ساتھ معاہدے کے لیے کام کرے گی اور وہ صدر کلاڈیا کے ساتھ مذاکرات کے منتظر ہیں۔
اس کے علاوہ، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ بھی دو بار ٹیلیفونک بات چیت ہوئی، جس کے بعد ٹروڈو نے بتایا کہ ٹرمپ نے کینیڈا پر 25 فیصد ٹیرف کے نفاذ کو کم از کم 30 دنوں کے لیے روک دیا ہے۔ تاہم، ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ کینیڈا نے امریکا کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا اور اسے کینیڈین زراعت اور لکڑی کی ضرورت نہیں ہے۔