لاہور : پنجاب کے بیشتر علاقے آج پھر شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، جس کی وجہ سے کئی مقامات پر موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 (لاہور سے ہرن مینار تک) اور موٹروے ایم 11 (لاہور سے سیالکوٹ تک) تمام ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے بند کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ، ڈرائیورز کو تیز رفتاری سے پرہیز کرنے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
فوگ لائٹس کے استعمال کا مشورہ بھی دیا گیا ہے تاکہ سفر محفوظ بنایا جا سکے۔ موٹروے پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ معلومات یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔