میکسیکو کے ساتھ معاہدے کے لیے مذاکرات جاری رہیں گے:امریکی صدر

 میکسیکو کے ساتھ معاہدے کے لیے مذاکرات جاری رہیں گے:امریکی صدر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو پر عائد تجارتی ٹیرف کو ایک ماہ کے لیے مؤخر کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات جاری رکھیں گے۔

امریکی صدر نے میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ خود بھی امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکموں کے سربراہان کے ساتھ ان مذاکرات میں شامل ہوں گے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ میکسیکو نے امریکا میں منشیات، خاص طور پر فینٹانل کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اپنی سرحد پر 10 ہزار نیشنل گارڈز تعینات کرنے کی حامی بھری ہے۔

دوسری جانب، میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے کہا کہ امریکا بھی میکسیکو میں ہائی پاورڈ ہتھیاروں کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کرے گا۔

یہ پیش رفت امریکی صدر کی جانب سے کینیڈا، میکسیکو اور چین پر عائد کیے گئے تجارتی ٹیرف کے نفاذ سے چند گھنٹے قبل ہوئی۔ واضح رہے کہ یکم فروری کو صدر ٹرمپ نے چین، کینیڈا اور میکسیکو پر نئے ٹیرف عائد کرنے کے حکمنامے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت میکسیکو سے امریکا برآمد کی جانے والی اشیا پر 25 فیصد جبکہ چین سے آنے والی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیکس لگایا گیا تھا۔