لاہور: پاکستان سپر لیگ (PSL) سیزن نائن کی ٹکٹوں کی فروخت کا عمل 6 فروری سے شروع ہوگا، جس میں شائقین پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ pcb.tcs.com.pk پر آن لائن ٹکٹ بک کر سکیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے تمام میچز کے لیے فزیکل ٹکٹ لازمی قرار دے دیے گئے ہیں۔ فزیکل ٹکٹ 12 فروری 2024 سے ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز پر فروخت کے لیے شروع ہوں گے، جبکہ شائقین 6 فروری کی شام پانچ بجے سے آن لائن ٹکٹیں بک کروا سکیں گے۔
پی ایس ایل کے وی آئی پی انکلوژر کی قیمت 6 ہزار اور پریمیئم انکلوژر 3 ہزار رکھی گئی ہے، جبکہ فرسٹ کلاس انکلوژر کی 2 ہزار اور جنرل کی 1ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے فائنل کے وی آئی پی انکلوژر کی 8ہزار اور پریمیئم انکلوژر کی 4ہزار رکھی گئی ہے، جبکہ فائنل مقابلے کیلئے فرسٹ کلاس ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار 500روپے اور جنرل انکلوژر کی ایک ہزار مقرر کی گئی ہے۔
پی ایس ایل کے کوالیفائر میچ کے وی آئی پی انکلوژر کی 5ہزار اور پریمیئم انکلوژر کی 2 ہزار 500 روپے رکھی گئی ہے، جبکہ کوالیفائر میچ کیلئے فرسٹ کلاس انکلوژر کی 1 ہزار 500 روپے اور جنرل انکلوژر کی 750 مقرر کی گئی ہے۔
دونوں ایلیمینیٹر کے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 5ہزار اور پریمیئم کی 3ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کا افتتاحی میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل میچ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن نائن میں کراچی فائنل سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا، راولپنڈی اور لاہور 9،9 میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ ملتان میں پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔