پیسے بانٹ کر ووٹ مانگنا ووٹ کی بدترین توہین ہے،  میرے مہربان نے مناظرے کا چیلنج دیا تھا کل کراچی کی سڑکوں پر موازنہ ہوگیا: شہباز شریف

پیسے بانٹ کر ووٹ مانگنا ووٹ کی بدترین توہین ہے،  میرے مہربان نے مناظرے کا چیلنج دیا تھا کل کراچی کی سڑکوں پر موازنہ ہوگیا: شہباز شریف
سورس: File

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  کوئی بھی شخص الیکشن لڑے اپنی انتخابی مہم چلائے یہ اس کا حق ہے لیکن پیسوں سے ووٹ خریدنا ووٹ کی بدترین توہین ہے۔ میرے مہربان نے مناظرے کا چیلنج دیا تھا کل کراچی کی سڑکوں پر موازنہ ہوگیا۔

پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلاول بھٹو جہاں سے چاہیں الیکشن لڑیں، اگر پیسے دے کر ووٹ خریدنے کی بات درست ہے تو یہ ووٹ کی عزت نہیں توہین ہے مسلم لیگ ن نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی، 8 فروری کو عوام اپنے ووٹ سے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

 انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کچھ سنجیدہ معاملات پر بات کرنا چاہتا ہوں،پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن انڈیکس میں اضافہ ہوا جبکہ نوازشریف کے دور میں کرپشن انڈیکس میں کمی آئی۔نوازشریف کے دور میں اربوں کھربوں کی سرمایہ کاری ہوئی، اتنی بڑی سرمایہ کاری کے باوجود کرپشن میں کمی آئی۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ  2018 میں بدترین دھاندلی اور جادو ٹونے سے حکومت بنی، دھاندلی زدہ حکومت نے ہم پر بدترین کرپشن کے الزامات لگائے، ہم پر موٹروے بنانے پر الزامات لگائے گئے، کوئی بھی نواز شریف پر کرپشن کے الزامات ثابت نہیں کرسکا، آج موٹروے سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی خود کہتے تھے جہاں کرپشن کم ہوتی ہے وہاں کا حکمران ایماندار ہوتا ہے، جہاں کرپشن ہو وہاں کا حکمران چور ہوتا ہے۔ پی ٹی آئی دور میں چینی کا بحران پیدا کر کے اربوں کی کرپشن کی گئی۔تحریک انصاف کی حکومت میں چور ڈاکو کا ورد کر کے طوفان بدتمیزی برپا کیا گیا، کچھ قوتوں نے بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دے کر انہیں بڑھاوا دیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں کرپشن انڈیکس 140 سے کم ہو کر 133 پر آگیا جس کا کریڈٹ 13 جماعتوں کو جاتا ہے، ایک سالہ اتحادی حکومت کی کارکردگی کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ تین دن پہلے آئی ہے،ٹرانسپیرنسی رپورٹ کے مطابق 2018 کی حکومت میں پاکستان میں کرپشن بڑھی،  ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ سے ثابت ہو گیا چور کون ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی رعونت اور تکبر کا شکار تھے، ماضی میں کسی کا ایسا رویہ نہیں دیکھا جیسا بانی پی ٹی آئی کا تھا، ہم پر چینی منصوبوں میں کرپشن کے الزامات لگائے گئے، ایسے الزامات لگا کر چین سے تعلقات مجروح کرنے کی سازش کی گئی، بانی پی ٹی آئی کے دور میں پی کے ایل آئی کو برباد کر دیا گیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ مجھے صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ میں گرفتار کر لیا گیا، ثاقب نثار نے بلا کر کہا بجلی کے منصوبے نظر نہیں آ رہے، میں نے ان سے کہا آپ ٹھنڈے کمرے میں ایسے ہی بیٹھے ہیں؟ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے ہمیں کلین چٹ دی تو ہمارا مذاق اڑایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کا کوئی شوق نہیں۔


صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ہدف بناتے ہوئے کہا کہ مناظرے کی باتیں کرنے والے پہلے کارکردگی کا موازنہ کر لیں، مناظرہ تو ہوتا ہی رہے گا، بارش کے پانی کے باعث مائیں بہنیں سڑکوں پر بے یارومددگار پھنسی رہیں، میرے مہربان نے مناظرے کا چیلنج دیا تھا کل کراچی کی سڑکوں پر موازنہ ہوگیا، یہاں ٹینکروں سے سڑکیں دھوئی جاتی ہیں اور وہاں پانی کی سپلائی کی جاتی ہے، اگر لاہور کی صورتحال کراچی جیسی ہوتی تو میں خود بلاول کو کہتا یہاں آکر الیکشن لڑیں۔

مصنف کے بارے میں