کراچی، بارش سے نظام زندگی درہم برہم، فلائٹ آپریشن متاثر، سڑکیں و نشیبی علاقےزیر آب، فیڈرز ٹرپ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

11:01 AM, 4 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: کراچی میں شدید بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کے پیش نظر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا جبکہ سڑکیں اور نشیبی علاقے بھی زیر آب آ گئے۔  بارش کے باعث متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے،  بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

کراچی میں تیز بارش کے سبب  سبب  آج کے لیے شیڈول 20 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔شہر کے مختلف حصوں میں  درمیانے سے تیز شدت کی بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہونے اور سیلابی کیفیت کا سامنا ہے،شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ کے الیکٹر ک کے640فیڈر ٹرپ کر گئے۔ 

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق اس وقت کراچی کو تقریبا 2100 میں سے 1600 سے زائد فیڈرز سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے،شہر کے نشیبی علاقوں اور کنڈوں کی بہتات والے علاقوں میں حفاظتی نقطہ نگاہ سے بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کی گئی تھی جس کو مقامی ٹیموں سے کلیئرنس ملنے کے بعد بحال کیا جارہا ہے۔

 ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بحال کیے جانے والے علاقوں میں خالد بن ولید کالونی، باتھ آئی لینڈ، اورنگی سیکٹر 11-A، ایف بی ایریا بلاک 2،3،14، گلشن حدید فیز 2، نارتھ کراچی سیکٹر 4 شامل ہیں،مزید بحال کیے جانے والے علاقوں میں لیاقت آباد نمبر 2 اور 3، اختر کالونی کورنگی روڈ، نارتھ ںازم آباد بلاکM & L، آسف کالونی اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ 

دوسری جان جٹ لائن کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ کشمیر روڈ کے قریب دیوار گرنے سے 2افراد زخمی ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں سب سے زیادہ 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کراچی ائیرپورٹ پر 41.8، یونیورسٹی روڈ پر 29.8، ناظم آباد میں 23.5، نارتھ کراچی میں 33.6، گلشن معمار میں 23 اور کلفٹن میں 39.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں آج شام تک بارش کا امکان رہے گا۔

مزیدخبریں