اسلام آباد: مقامی عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کا جیل مینوئل کے مطابق طبی معائنہ مکمل کیا گیا، ان کی طبیعت نارمل ہے اور وہ بلڈ پریشر کے مریض ہیں۔ شیخ رشید کو ضروری ادویات کے ساتھ ہائی سکیورٹی بیرک میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا۔
عدالت نے سندھ پولیس کی راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ پہلے متعلقہ عدالت سے اجازت لیں پھر آرڈر عدالت میں جمع کروائیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی میں بھی شیخ رشید پر مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ یہ مقدمہ پیپلز پارٹی کے کارکن نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر درج کرا رکھا ہے۔