کراچی: سٹریٹ کرائم سے تنگ مشتعل شہریوں نے مبینہ طور پر دو ڈاکوؤں کو پکڑ کر زندہ جلا دیا اور دونوں ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ اجمیر نگری فور کے چورنگی مکہ ہوٹل کے قریب دو مبینہ ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے جنہیں لوگوں نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلادیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ملزمان کی شناخت اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں سٹریٹ کرائم کی 114 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جن میں موبائل اور نقدی چھیننے کی 48، کار چوری کی 6، موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری ہونے کی 60 وارداتیں شامل ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان پانچ مقابلے ہوئے جن میں 7 جرائم پیشہ افراد کو زخمی حالت میں جبکہ 14 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔