اسلام آباد (شیراز احمد شیرازی) خیبرپختونخوا میں انتخاب کی تیاریوں، امیدواروں کے تعین کا معاملہ ،تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ذمہ داران کاعمران خان کی سربراہی میں اہم ترین اجلاس ،چیئرمین تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر، سابق وزیر اعلیٰ محمود خان، خیبرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک اور چیئرمین کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز نے شرکت کی۔
خیبرپختونخوا کے تمام ریجنز میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کے تعین کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ امیدواروں کے تعین کے حوالے سے ریجنل بورڈز کی ابتدائی سفارشات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔اجلاس میں خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم اور انتخابی حکمتِ عملی کے مختلف خدوخال پر بھی غورکیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے اور ذمہ داران کو امیدواروں کے حوالے سے ہوم ورک جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایات کردی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا فیصلہ چیئرمین عمران خان خود کریں گے۔