لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی کال پر پورے پاکستان کی جیلیں بھر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’چیئرمین عمران خان کی کال پر ہم پورے پاکستان کی جیلیں بھر دیں گے۔ فاشسٹ امپورٹڈ حکومت کا یہ شوق بھی پورا ہو جائے گا۔ ہتھکڑیاں اور تشدد کچھ بھی نہیں، وطن کیلئے جان بھی حاضر ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ہفتے کے روز اپنے خطاب میں جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کارکن تیاریاں شروع کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو راستے ہیں یا تو پہیہ جام ہڑتال کی کال دیں یا پھر جیل بھرو تحریک شروع کریں اور ہم جیل بھرو تحریک شروع کرنے لگے ہیں، حکومت کا شوق ہے ہمیں جیل میں ڈالے تو ہم خود جیل میں چلے جائیں گے۔