لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءو سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے حکومت کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کی جس دوران سیاسی صورتحال، ملکی معاملات اور حکومت کے انتقامی اقدامات پر گفتگو کی گئی جبکہ پرویز خٹک بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
عمران خان اور پرویز الٰہی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخاب سے متعلق بھی بات چیت جبکہ دونوں رہنماؤں نے حکومت کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں، حکومت الیکشن سے نہیں بھاگ سکتی، حکومت کو انتخاب کی تاریخ دینا پڑے گی ورنہ آئین شکنی کی مرتکب ہو گی، حکومت کی ناک تلے دوبارہ دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے مگر حکومت کو امن و امان کی نہیں بلکہ مخالفیں کو کچلنے کی فکر ہے۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی معیشت کو تباہ کر چکی ہے اور امن و امان کی صورتحال بھی تیزی سے خراب ہو رہی ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت بدترین بوکھلاہٹ کا شکار ہے، پارلیمانی لاجز میں سابق ارکان پارلیمنٹ کے کمروں کے تالے توڑ ے جا رہے ہیں، عمران خان، پی ٹی آئی اور اتحادیوں کو کچلنے کا ایجنڈا سرگرم ہے، حکومت گرفتاریوں، مقدمات اور چھاپوں کے سائے میں اے پی سی کی دعوت دے رہی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہبازشریف کے پاس عوامی ریلیف کیلئے تو کچھ نہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت نااہلی کے بعد انتقامی کارروائیوں میں بھی ورلڈ ریکارڈ بناناچاہتی ہے، حکمرانوں کے مقدمات سے کوئی خوفزدہ نہیں، انتقام کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، سیاسی مخالفین کے خلاف روز انہ کی بنیاد پر مقد مات در ج کئے جا رہے ہیں، حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے، لیگل ایڈوائزر عامر راں کو گھر کے باہر سے اٹھا لیا گیا، پی ڈی ایم الیکشن کی تاریخ دینے کو تیار نہیں، نگران سیٹ اپ جانبداری میں اتنا آگے نہ جائے کہ خود سوالیہ نشان بن جائے۔
عمران خان اور پرویز الٰہی کا حکومت کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم
05:19 PM, 4 Feb, 2023