لاہور: وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے پارٹی کے ناراض رہنماؤں کو منانے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد ہی مریم نواز شریف اس سلسلے میں شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کر کے ان کے تحفظات دور کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آرگنائزرمریم نواز نے ملاقات کی جس دوران پارٹی کی تنظیم سازی، ملک بھر میں مریم نواز کے جاری ورکرز کنونشنز کے انعقاد پر مشاورت ہوئی جبکہ شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پارٹی کے ناراض رہنماؤں کو منانے اور شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نواز شریف کے دیرینہ ساتھی ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں شاہد خاقان عباسی سے جلد ملاقات کی ہدایت بھی کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ممکنہ انتخابات کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں اور الیکشن کمیشن کی مقررہ تاریخ پر مسلم لیگ (ن) بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز کی ملک میں جاری مہنگائی پر بھی گفتگو ہوئی، مریم نواز کی درخواست پر شہباز شریف کی مہنگائی سے چھٹکارے سے متعلق ریلیف دینے پر مشاورت کی گئی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف لیگی کارکنوں کو انتخابات سے متعلق بھی پیغام جلد جاری کریں گے۔