کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے کلفٹن میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کیلئے آج ہونے والے "سکریپ فیسٹ" نامی فیسٹیول روکنے کا حکم دیتے ہوئے اجازت نامہ معطل کردیا۔
جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کلفٹن میں "سکریپ فیسٹ" نامی فیسٹیول روکنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ علاقہ مکینوں کے وکیل نے کہا کہ فیسٹول کے نام پر ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کا پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔
اسلامی ملک میں اس طرح کے پروگرام کا انعقاد خلاف آئین ہے۔ کلفٹن بلاک 5 کے پارک میں "سکریپ فیسٹ" کے نام سے 4 فروری کو فیسٹیول کے انعقاد کی اجازت دی گئی ہے۔ پروگرام کے ذریعے ہم جنس پرستی کو فروغ دیا جارہا ہے، جس سے اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
عدالت نے کلفٹن میں 4 فیسٹیول روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے فیسٹیول کے انعقاد کا ڈپٹی کمشنر کا اجازت نامہ معطل کردیا۔ عدالت نے 9 فروری کو ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، ایس ایس پی ساؤتھ اور دیگر کو ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کو حکم دیدیا۔