سیکیورٹی فورسز کا کیچ میں کلیئرنس آپریشن، 3 دہشت گرد مارے گئے

09:35 PM, 4 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان کےعلاقے کیچ میں کلیئرنس آپریشن کیا جس کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کیچ کے علاقے بلگاتر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

اس دوران ہونے والی شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں میں کمانڈر سمیر عرف بہار، الطاف عرف لالک اور پھیلن بلوچ شامل ہیں۔ 

مارے جانے والے دہشت گرد پنجگور سمیت دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر کیے جانے والے حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے اس سلسلے میں بتایا ہے کہ دوران آپریشن دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل چمن کے علاقے لیول کراس کے قریب لیویز تھانے پر دستی بم سے حملہ ہوا ہے۔ حملے میں 3 لیویز اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ 

دھماکے کی جگہ پر بم ڈسپوزل سکواڈ  کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات پنجگور اور نوشکی میں کامیابی سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا تھا علاقے میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس کے دوران نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے 5 مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا جس سے اس مقام پر ہلاک دہشت گردوں  کی مجموعی تعداد 9 تھی۔  

مزیدخبریں