کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جیسن روئے کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی ہر ٹیم میں سپرسٹارز ہیں اور نوجوان ٹیلنٹ کا سامنے آنا خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جیسن روئے نے رواں سال انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ساتھی کرکٹرز کو ہمیشہ یہی بتایا کہ پاکستان میں بہت لطف اندوز ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ سے پہلے پاکستان کا دورہ طے ہے اور امید ہے کہ یہ شیڈول کے مطابق ہو گا، گزشتہ سال دورہ نہ کرنے کا فیصلہ اعلیٰ حکام کا تھا اور بطور کھلاڑی ہم فیصلوں کے پابند ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں ہمیشہ لطف اندوز ہوا کیونکہ ہر ٹیم میں سپرسٹارز ہیں اور ان کے علاوہ نوجوان ٹیلنٹ بھی سامنے آ رہا ہے جو بہت خوش آئند بات ہے، پاکستان میں خاص طور پر فاسٹ باؤلنگ ٹیلنٹ کافی متاثر کن ہے۔
پی ایس ایل کا موازنہ دنیا کی دیگر لیگز کیساتھ کرنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر لیگ کا اپنا انداز اور اپنا مزہ ہے، برصغیر میں ہونے والے میچز میں تماشائی جان ڈالتے ہیں جبکہ کسی ایک لیگ کا دوسری لیگ کیساتھ موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔