ڈی آئی خان: ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کو مولانا فضل الرحمن کے جلسے روکنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیات اللہ جان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے پیرا 30 کے مطابق لوکل گورنمنٹ کو انتخابات کے انعقاد میں جلسہ عام یا ریلی کی اجازت نہیں ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کل 5 فروری کو اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان جائیں گے جہاں ریلی کی شکل میں ان کا استقبال کیا جانا تھا اور یارک کے مقام پر مولانا فضل الرحمن نے جلسہ عام سے خطاب کرنا تھا جبکہ 7 فروری کو بیساکھی گراؤنڈ میں بھی جے یو آئی کا جلسہ شیڈول تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیات اللہ جان نے جلسوں کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اور ڈی پی او ڈیرہ کو جلسہ عام روکنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ اس وقت جے یو آئی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دونوں پارٹیز تحصیل میئر ڈیرہ کی سیٹ کیلئے اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم زور و شور سے چلانے میں سرگرم ہیں۔