سعودی عرب نے نئی سفری پابندیوں کا اعلان کر دیا

04:32 PM, 4 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

ریاض: سعودی عرب نے مملکت میں آنے والوں کیلئے نئی سفری پابندیوں کا اعلان کردیا گیا ہے جن کا اطلاق 9 فروری 2022ءسے ہو گا اور ان کے تحت بوسٹر ڈوز لازمی کرنے کیساتھ ساتھ تمام افراد کیلئے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے باہر جانے کے خواہشمند افراد کو بوسٹر ڈوز لگوانا ہو گی بصورت دیگر مملکت سے باہر سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ سعودی عرب آنے والے تمام مسافروں کو سفر سے 48 گھنٹے کے اندر لئے گئے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی پیش کرنا ہو گی۔ 
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں موجود ایسے افراد جو مملکت سے باہر جانے کی خواہش رکھتے ہیں اور انہیں کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لئے 3 ماہ گزر چکے ہیں، تو ان کیلئے بوسٹر ڈوز لگوانا لازمی ہو گا کیونکہ اس کے بغیر انہیں سعودی عرب سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 16 برس سے کم عمر کے شہری اور ’توکلنا‘ ایپلی کیشن کے ریکارڈ کے مطابق مستثنیٰ افراد پر یہ پابندی عائد نہیں ہو گی۔ اس کے علاوہ مملکت میں داخلے کے خواہشمند افراد کیلئے منظور شدہ پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ضروری ہے جبکہ ویکسی نیشن شدہ افرادپر بھی یہ پابندی عائد ہو گی۔ 

مزیدخبریں