فل سالٹ نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کیساتھ دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کر دیا

04:12 PM, 4 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے فل سالٹ نے کہا کہ اگر رواں سال انگلش ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تو ضرور آؤں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فل سالٹ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل دنیا بھر کے نوجوان کرکٹرز کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، مجھے فرنچائز لیگ کھیلنے کا پہلا موقع لاہور قلندرز سے ہی ملا تھا جبکہ اس فرنچائز کا پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) مثالی ہے اور بہت سے کھلاڑی اس کے مشکور ہیں۔ 
فل سالٹ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) بلے بازوں کیلئے ایک مشکل ٹورنامنٹ ہے کیونکہ یہاں باؤلنگ کا معیار بہت اعلیٰ ہے جس کے باعث رنز بنانا مشکل ہو جاتا ہے، میں قرنطینہ سے باہر نکل کر فیلڈ میں آنے کیلئے بیتاب ہوں، امید ہے اس بار لاہور قلندرز کیلئے ٹرافی جیتیں گے۔
واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے24 سال بعد دورہ پاکستان کی حتمی منظوری دیدی ہے جس کے تحت آسٹریلین کرکٹ ٹیم 27 فروری کو اسلام آباد پہنچے گی اور اپنے دورے کے دوران تین ٹیسٹ میچز، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔ 
رواں سال ستمبر میں انگلش ٹیم کا دورہ بھی متوقع ہے جس نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد اپنی ٹیم کا دورہ پاکستان بھی منسوخ کر دیا تھا جس پر دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ 

مزیدخبریں