مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، پاکستان

09:22 PM, 4 Feb, 2021

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا بھارت میں بی جے پی کی حکومت نے غیر کشمیریوں کیلئے تیس لاکھ سے زیادہ جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں جن کا مقصد بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں اور کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی لانا ہے۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے زاہد حفیظ چودھری نے کہا کشمیریوں کو شہید کرنے اور ان پر ظلم و تشدد کرنے کے علاوہ جدوجہد آزادی کو کچلنے کے لئے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا ہے۔ دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشن سیمیناروں کا اہتمام کریں گے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم اور انسانی حقو ق کی خلاف ورزی اجاگر کرنے کے لئے بین الاقوامی میڈیا کو بھی شامل کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف رکھتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کے سلسلے میں بھارت کی کوششوں کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والا اور علاقائی امن کے لئے خطرے کا باعث بننے والا ملک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن کیسے بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت تو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بننے کا بھی اہل نہیں ہے۔ پاکستان افغانستان میں افغانیوں کے امن عمل کی حمایت کرتا ہے اور وہاں امن کے قیام کے لئے تمام ممکنہ تعاون جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں