لاہور،گلوکار بلال سعید کی اپنے بھائی اور بھابھی سے جھگڑے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاہور کے علاقے تھانہ سندر کی حدود میں سنگر بلال سعید ایک نوجوان جوڑے کے ساتھ مار پیٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس موقعے پر پولیس بھی موجود ہے جو بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کررہی ہے۔ترجمان پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گلوکار بلال سعید کی وائر ہونے والی ویڈیو میں جس لڑکے اور لڑکی پر تشدد کر رہے ہیں وہ ان کے بھائی اور بھابھی ہیں۔
ڈولفن پولیس کا کہنا ہے کہ 8جنوری کو رضا سعید کی جانب سے 15 پر کال موصول ہوئی کہ اسکی بیوی پر بلال سعید نے تشدد کیا ہے۔ ڈولفن ٹیم نمبر 110 15 کی کال موصول ہونے کے بعد موقعے پر پہنچی۔پولیس کی موجودگی میں سنگر بلال سعید نے گھر سے نکل کر اپنے بھائی کو تھپڑ دے مارا۔ بلال سعید نے اپنے بھائی رضا سعید اور اپنی بھابھی سے جھگڑا کیا۔موقع پر موجود ڈولفن ٹیم نے فریقین کو جھگڑے سے روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈولفن ٹیم نے فریقین کو تھانہ سندر کے حوالے کر دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بلال سعید نے اپنے بھائی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی دی تھی۔ فریقین کے مابین صلح ہونے پر مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
بلال سعید نے ڈولفن پولیس کی موجودگی میں اپنے رشتے داروں پر تشدد کیا اور لڑکے کے ساتھ ساتھ لڑکی کو بھی بہیمانہ انداز میں لاتیں اور تھپڑ مارے۔یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا تاہم اس کی ویڈیو اب منظر عام پر آئی ہے جو قریب ہی موجود کسی شخص نے بنائی تھی۔