لاہور: پاک فوج کے سپہ سالار نے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کشمیر سمیت خطے کے عوام دیرپا امن کا حق رکھتے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گریژن کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبد العزیز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آرمی چیف نے پیشہ ورانہ امور، داخلی اور خارجی صورتحال پر اظہار خیال کیا اور گریژن کے افسران سے خطاب کیا جبکہ خطے میں دیرپا امن سے متعلق پاکستانی وژن پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے مشرقی سرحد اور کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کی۔
آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت خطے کے عوام دیرپا امن کا حق رکھتے ہیں۔ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق کشمیر کے حل کے لیے پر عزم ہیں۔ تنازع کشمیر کا حل کشمیریوں کے امنگوں کے مطابق ضروری ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ جنگ کے چیلنجز میں مزید چوکنا اور تیار رہنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ 2 فروری کو آرمی چیف جنرل نے جی ڈی پائلٹ پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پروقار اور پرامن طریقے سے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے جبکہ ہم باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا عوام کو پاک فضائیہ پر فخر ہے اور ہمیں فخر ہے ہم مذہب، بھائی چارے اور ثقافتی اقدار سے جڑے ہیں جبکہ ملک دشمنوں کیخلاف آپریشنز میں مسلح افواج کے درمیان تعاون سے بہتری آئی اور امید ہے ایئر فورس عظمت اور مہارت کی بلندیوں کو چھوئے گی۔ تقریب کے دوران آرمی چیف نے سعودی عرب کے کیڈٹس کی موجودگی کو بھی سراہا۔