اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے شہزاد اکبر کے الزامات کا جواب دے دیا۔ انہوں نے شہزاد اکبر کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر نے اُن کے والد پر کرپشن کا الزام لگایا اور ان سے جو زمین منسوب کی گئی ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے بیرسٹر شہزاد اکبر کی طرف سے زمین پر قبضے کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے مشیر احتساب کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔ شہزاد اکبر نے ان پر ایک ایسی زمین کے قبضے اور واگزاری کا اعلان کیا جس سے ان کا کوئی تعلق ہی نہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نام یہ ریاست مدینہ کا لیتے ہیں اور شریف لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں، 30 سال سے سیاست میں ہوں، اداروں کی بنیادوں میں میرا خون پسینہ ہے، میں شہزاد اکبر کے خلاف قانونی جنگ لڑوں گا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ شہزاد اکبر کو اگر کوئی شبہ ہے تو میرے بارے میں اپنے ساتھیوں سے پوچھ لیں، شہزاد اکبر کے خلاف درخواست دوں گا اور اس معاملے کو آخر تک لیکر جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس فہرست میں قیام پاکستان سے قبل 24 سو کنال زمین کا ذکر ہے اور یہ زمین قیام پاکستان سے قبل بھیڑ پال اسکیم کے تحت دی گئی تھی جبکہ یہ زمین مجھ سے منسوب کی گئی اور میرا اس زمین سے کوئی تعلق نہیں۔
دانیال عزیز نے کہا کہ میرے والد اس زمین کے معاملے پر انہیں عدالت میں لے گئے اور عدالت نے میرے والد کے حق میں فیصلہ کیا۔ اس کیس میں اسسٹنٹ کمشنر سلانوالی کو عدالت میں ہتھکڑی لگا کر پیش کیا گیا. عدالتی فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا وہ بھی ہمارے حق میں آیا، اسسٹنٹ کمشنر نے عدالتی احکامات ماننے سے انکار کردیا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ کریمنل کورٹ پروسیجر کے تحت شہزاد اکبر کو عدالت لے کر جاؤں گا۔