نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے دورے منسوخ کر دیئے

07:01 PM, 4 Feb, 2021

یروشلم: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے دورے ملتوی کر دیے۔ عرب میڈیا کے مطابق دورے وبا کی وجہ سےعائد سفری پابندیوں کے باعث ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم آفس کے مطابق متحدہ عرب امارات اور بحرین سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد نیتن یاہو کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہونا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیتن یاہو نے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لائیو براڈکاسٹ کی جانے والی پریس کانفرنس میں بتایا تھا ہم اس دورے کو پہلے ہی دو مرتبہ وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے پیش نظر ملتوی کر چکے ہیں۔

وزیر اعظم نیتن یاہو نے بتایا کہ یہ دورہ سلامتی امور کی وجہ سے اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اس لیے میری درخواست پر اس کا دورانیہ تین دن سے بہت کم کر کے صرف تین گھنٹے کر دیا گیا ہے لیکن میں یہ دورہ کروں گا۔

ساتھ ہی اسرائیلی حکومت کے نمائندے نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ تین گھنٹے کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ تو کریں گے ہی لیکن شاید اس دوران وہ بہت تھوڑے وقت کے لیے بحرین بھی جائیں گے۔ نیتن یاہو نے خود اپنے اس دورے کے لیے کسی تاریخ کا کوئی ذکر نا کیا مگر اسرائیلی میڈیا نے اپنی رپورٹوں میں بتایا ہے کہ وہ یہ دورہ آئندہ منگل نو فروری کو کریں گے۔

مزیدخبریں