پاکستان کشمیریوں کی سفارتی ‘اخلاقی اور سیاسی حمایت اور مدد جاری رکھے گا , شبلی فراز

04:02 PM, 4 Feb, 2021

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ  جمعہ   کو پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری برادری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائے گی‘ کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے صدر مملکت اور وزیراعظم آزادو جموں کشمیر کا دورہ کرینگے .

صدر مملکت عارف علوی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے جبکہ وزیراعظم عمران خان کوٹلی میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے ۔وہ جمعرات کو پی آئی ڈی میں وفاقی وزراءعلی امین گنڈا پور ‘چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور کشمیری راہنما ئوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جمعہ  کو پورے ملک اور دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019 کو بھارت نے غاصبانہ طریقے سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا ‘یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز سے منانے سے کشمیریوں کو ایک نیا جذبہ ملے گااور تحریک آزادی کشمیر میں نئی جان آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پوری دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر کر رہے ہیں اور پاکستان کا عالمی برادری سے یہ ہی مطالبہ ہے کہ مودی ‘بھارت کے جارحانہ رویہ‘ ظلم اور بربریت کا نوٹس لیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم اور نہتے کشمیریوں کو گذشتہ اڑھائی سال سے طویل ترین لاک ڈائون اور شدید اذیت کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے‘ عالمی برادریمسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر سیاسی ‘سفارتی اور تجارتی دبائو ڈالے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی ‘اخلاقی اور سیاسی حمایت اور مدد جاری رکھے گا ۔وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آزاد کشمیر کے دورہ کے دوران آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کوٹلی میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کو کامیاب بنانے اور عوام تک پہنچانے کے لئے میڈیا کا ہمیشہ مثبت کردار رہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو نیا ولولہ دیا ہے ‘پاکستان ہر عالمی فورم ‘انسانی حقوق تنظیموں میں بھارت کو بے نقاب اورکشمیریوں کے روشن مستقبل کے لئے کوشش کرتا رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ‘قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دوسالوں سے پاکستان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو روشناس کرایا‘ عمران خان نے کشمیریوں کی جس طرح ترجمانی کی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ‘ ماضی میں ایسے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گے ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 70سالوں میں ایسی کوئی ظالم اور جابر حکومت بھارت میں نہیں آئی ‘ مودی حکومت آر ایس ایس نظریئے کو لیکر چل رہی ہے 

مزیدخبریں