ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ‌ میں‌ 21 فروری تک توسیع

11:20 AM, 4 Feb, 2020

اسلام آباد: احتساب عدالت نے ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں‌ 21 فروری تک توسیع کر دی۔ نیب نے شریک ملزم شاہد اسلام سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔

قبل ازیں شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں پیشی کیلئے اسلام آباد کی احتساب عدالت لایا گیا تو انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عوام گھبرائیں نہیں، سب کچھ ٹھیک ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آج سے نہیں، جب سے آئی ہے تب سے ناکام ہے، ہر روز پاکستان کی عوام سے دو ارب روپے لوٹے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران خان اور عثمان بزدار بتائیں کہ عوام کو کون لوٹ رہا ہے۔

 

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ چوروں کی حکومت ہے جو عوام کو لوٹ رہی ہے، عوام کا پیسہ اے ٹی ایم کھا گئی، مہنگائی پر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ یہ حکومت تو ختم ہو چکی ، ایک جنازہ رکھا ہے جب مرضی پڑھ لیں۔ حکومت میں جو مرضی تبدیلی لے آئیں اب بہتری نہیں آئے گی، عوام نے تبدیلی کےاثرات خود دیکھ لئے۔

مزیدخبریں