انقرہ : شامی فوج کے حملے میں 6 ترک فوجیوں کی ہلاکت کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے ترک فوج نے شام کے 35 فوجی ہلاک کردیے۔
شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں شامی فوج نے ترک فوج پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 6 ترک فوجی ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے تھے، اس کے جواب میں ترک فوج نے کارروائی کی اور شام کے 35 فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ترکی نے شام کے 46 فوجیوں کو نشانہ بنایا جن میں سے 30 سے 35 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
رجب طیب اردگان نے واضح کیا کہ جو بھی ان کے عزم اور استقامت کو آزمانے کی کوشش کرے گا اس کو بہت جلد اپنی غلطی کا احساس ہو جائے گا۔ انہوں نے روس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دمشق اور انقرہ کے درمیان معاملات میں مداخلت نہ کرے اور ترکی کے راستے میں نہ آئے۔
دوسری جانب شام کی سرکاری خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ترکی کے حملے میں شامی فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور فوج کے ادلب میں باغیوں کے خلاف آپریشنز معمول کے مطابق جاری ہے۔ سیرین آبزرویٹری گروپ کا کہنا ہے کہ ترک فوج کی جوابی کارروائی میں 6 شامی فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔