ون ڈے رینکنگ،فخر زمان ٹاپ ٹین بلے بازوں میں شامل

02:43 PM, 4 Feb, 2019

دبئی:جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز ہارنے کے باوجود آئی سی سی نے پاکستانی بیٹسمینوں کیلئے خوشخبری سنادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئی و ن ڈے رینکنگ میں پاکستان کے فخر زمان نے ٹاپ 10بلے بازوں کی فہرست میں جگہ بنا لی ، امام الحق نے بھی رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگائی ہے۔

نیوزی لینڈ کے 29سالہ فاسٹ باﺅلر ٹرینٹ بولٹ نے بھارت کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں12وکٹیں حاصل کرکے رینکنگ میں 7درجے ترقی کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے ،وہ جنوری 2016ءمیں پہلی پوزیشن پر بھی قابض ہوچکے ہیں اور اس وقت بھارت کے جسپریت بمراہ اور افغان لیگ سپنر راشد خان ہی رینکنگ میں ان سے آگے ہیں ،بھارتی لیگ سپنر یزوندرا چاہل نے ایک درجے ترقی کے بعد5ویںا ور بھونیشور کمار نے23ویں سے17پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے۔


بلے بازوں کی رینکنگ میں سابق بھارتی کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز میں مسلسل تین نصف سنچریاں سکور کرکے20سے 17ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے جبکہ کیدھر جادھو8درجے ترقی کے بعد35ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ،جنوبی افریقہ کی جانب سے ترقی پانے والے بلے بازوں میں کوئنٹن ڈی کوک(9ویں سے 8ویں پوزیشن)،ہاشم آملا(16ویں سے 13ویں پوزیشن) اور ریزا ہینڈرکس(130ویں سے94ویں پوزیشن) شامل ہیں جب کہ میڈیم پیسر اینڈائل پھیلکوایو نے پاکستان کے خلاف 8وکٹیں حاصل کرکے رینکنگ میں 32ویں سے19پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے ،ڈوین پریٹوریئس کو بھی 53ویں سے44ویں پوزیشن پر ترقی ملی ہے۔


جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں 271رنز سکورکرکے مین آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نا م کرنے والے اوپنر امام الحق نے9درجے ترقی کے ساتھ کیریئرکی بہترین16ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے ،ان کے ساتھی اوپنر فخر زمان بھی 2درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ10بلے بازوں کی فہرست میں 9ویں نمبر پر موجود ہیں ،قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے سیریز میں6وکٹیں لیکر102ویں سے74ویں پوزیشن پرچھلانگ لگائی ہے ، فاسٹ باﺅلر حسن علی بھی ترقی پاکر 14ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

مزیدخبریں