جوہانسبرگ :سٹار پاکستانی بلے باز بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے اور 10 رنز کے فرق سے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل نہ کر سکے جبکہ انہوں نے اننگز میں زیادہ چوکوں کا اپنا سابقہ ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بابر اعظم نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب درگت بنائی، وہ کیریئر کی پہلی سنچری سے صرف 10 رنز کی دوری پر تھے کہ 90 کے انفرادی سکور پر ہینڈرکس نے ان کی دلکش اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے زیادہ مرتبہ ففٹی پلس اننگز کھیل کر دوسرے پاکستانی بلے باز ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا.
انہوں نے نویں مرتبہ ففٹی پلس سکور بنایا، پاکستان کی جانب سے زیادہ مرتبہ ففٹی پلس سکور بنانے کا اعزاز محمد حفیظ کو حاصل ہے جنہوں نے 10بار یہ کارنامہ انجام دے رکھا ہے.
اس کے علاوہ بابر اعظم نے اننگز میں زیادہ چوکوں کا اپنا سابقہ ریکارڈ بھی برابر کر دیا، انہوں نے گزشتہ برس ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں اننگز میں 13 چوکے لگائے تھے۔