اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے خود پر ہونے والی تنقید کے جواب میں واضح کیا ہے کہ وہ ڈیسکون کمپنی کے صرف شیئر ہولڈر ہیں اور ان کی کمپنی کو مہمند ڈیم کا ٹھیکا ملنا مفادات کا ٹکراؤ نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ 'میں نہ تو ڈیسکون کا چیئرمین ہوں اور نہ ہی ڈائریکٹر۔ میں کمپنی چھوڑ چکا ہوں اور اب صرف شیئر ہولڈر ہوں اور بطور شیئر ہولڈر اس منصوبے میں فائدہ بھی ہو سکتا ہے اور نقصان بھی۔
ایک سوال کے جواب میں عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ مہمند ڈیم کے لیے بولی کا عمل میرے مشیر بننے سے پہلے شروع ہوا تھا اور میں نے وزیراعظم عمران خان کو بتا دیا تھا کہ یہ مسئلہ آ سکتا ہے لیکن میری نظر میں اس سارے معاملے میں مفادات کا ٹکراؤ نہیں۔
مشیرِ تجارت نے مزید کہا کہ ابھی تک کمپنی کو ٹھیکا نہیں ملا صرف بِڈنگ کے عمل میں کامیابی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال تجارتی خسارہ 37 ارب ڈالرز تھا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس سال ایکسپورٹس پہلے سے زیادہ ہوں گی اور برآمدات کو 27 ارب ڈالرز تک بڑھانے کی پوری کوشش کریں گے۔