پشاور : سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ آج پٹھانوں نے ایک نئی تاریخ رقم کردی اور نواز شریف کے خلاف فیصلے کو مسترد کردیا۔عوام وعدہ کریں کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر ووٹ کی توہین کا بدلہ لیں گے۔
پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ووٹ عوام دیتے ہیں اور چند لوگ اس کو اپنے پاو¿ں کے نیچے روندتے ہیں، کیا چند لوگوں کو حق ہونا چاہیے کہ نوازشریف کو نکال دیں اور اب طلال چوہدری اور دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت میں بلایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دن رات کام کر کے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا۔نواز شریف نے 3 فروری کو سوات میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جب بھی وعدہ کیا وہ پورا کیا۔نواز شریف نے کہا کہ آج مجھے یقین ہوگیا ہے پاکستان کی تقدیر بدلنے والی ہے اور یہاں عدل قائم ہوگا۔نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا حکمران جھوٹ اور بہتان تراشی کا ماہر ہے اور وہ جھوٹ بول کر صادق اور امین بن گیا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ پشاور کے عوام نے بتادیا ہے کہ صادق اور امین کون ہے۔