’’نیو نیوز تازہ ترین‘‘
لاہور:پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما مشاہد حسین سید نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔ذرائع کے مطابق مشاہد حسین نے ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محبت اور شفقت کا شکریہ۔مشاہد حسین سید کافی عرصہ سے ق لیگ سے دور تھے ۔
مشاہد حسین نے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے صدر میاں نواز شریف سے ملاقات میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔مشاہد حسین سید نے صدرمسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی دعوت پر آج انکی رہائش گاہ رائیونڈ میں نواز شریف سے ملاقات کی جس میں نواز شریف نے ان کو گھر لوٹنے کی دعوت دی،مشاہد حسین سید نے میاں نواز شریف کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے شمولیت پر آمادگی کا اظہار کیا اور قائد مسلم لیگ کو یقین دلایا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد میں مسلم لیگ ن کا ہر اول دستہ ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے استحکام ،دفاع اورتعمیر و ترقی کیلئے میاں نواز شریف نے تاریخی کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔ ملکی سلامتی اور ملکی سالمیت جمہوریت کی بالادستی سے مشروط ہیں ۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ وہ ووٹ کے تقدس اور جمہوریت کی بالادستی کی جدو جہد میں میاں نواز شریف کے ساتھ رہیں گے ۔اس موقع پر مریم نواز ، پرویز رشید ، خواجہ سعد رفیق اور مصطفی شاہد بھی موجود تھے جبکہ ن لیگ نے مشاہد حسین سید کو سینیٹ کا ٹکٹ بھی دیدیا ہے۔