تیمور قتل کیس ، اسلام آباد پولیس اہلکاروں کے لئے نیا ہدایت نامہ جاری

02:33 PM, 4 Feb, 2017

اسلام آبا د:اسلام آباد میں پولیس فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد ناکوں پر اقدامات کے لئے ہدایت نامہ جاری کردیا۔ مشکوک گاڑی کے بھاگنے کی صورت میں صرف ٹائر پر فائر کرنے کی اجازت ہو گی۔گزشتہ روز تھانہ سبزی منڈی پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے تیمور ریاض کی ہلاکت کے بعد وفاقی پولیس کے لئے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا گیا۔
نئے ہدایت نامے کے مطابق ناکے پر نہ رکنے والی گاڑی کو پہلے مرحلے میں سائن بورڈ یا پلاسٹک بیرئر سے روکا جائے نہ رکنے کی صورت میں فوری طور پر وائرلیس کے ذریعے دیگر ناکوں کو اطلاع دی جائے۔مشکوک گاڑی کے شہر سے آوٹ ہونے کے پیش نظر اس کے ٹائر پر فائر کیا جائے۔ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی مشکوک شخص پر سیدھے فائر کی اجازت کراس فائرنگ کی صورت میں ہوگی۔
اس ہدایت نامے کا اطلاق شہر کی تمام داخلی اور خارجی پوسٹوں پر ہوگا اس پرعمل نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،واضح رہے کہ گزشتہ روز تھانہ سبزی منڈی کے حدود آئی ٹین میں پولیس اہلکاروں نے ناکہ پر گاڑی نہ روکنے کی پاداش میں کار سوار پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں تیمور ریاض نامی نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔

مزیدخبریں