اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاک سعودی تجارتی معاہدے اب حقیقت بن چکے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
اسلام آباد میں اپنے بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات اہمیت کی حامل تھی، یہ ملاقات دونوں رہنماؤں کے درمیان چھ ماہ میں پانچویں مرتبہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے حقیقت کا روپ دھار چکے ہیں اور ان معاہدوں کی مدد سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ حکومت کی ترجیح سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور معاشی تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا سعودی عرب کا حالیہ دورہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید گہرائی آئے گی۔ حکومت نے موثر پالیسیوں کے ذریعے معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ مہنگائی کی شرح 6 سال کی کم ترین سطح پر آ چکی ہے اور سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔