شہریار منور نے اپنی شادی کی تاریخ اور اہلیہ کے حوالے سے اہم تفصیلات شیئر کر دیں

01:57 PM, 4 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی : پاکستانی اداکار شہریار منور نے حالیہ انٹرویو میں اپنی شادی کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔ اداکار نے تصدیق کی ہے کہ وہ دسمبر کے اختتام پر شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

ایک صحافی کی جانب سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی شادی کی خبروں کے بارے میں سوال کیے جانے پر شہریار منور نے کہا کہ وہ دسمبر کے آخر میں اپنی اہلیہ کے ساتھ زندگی کا نیا باب شروع کریں گے۔ تاہم، جب صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا ان کی اہلیہ کا تعلق شوبز سے ہے، تو شہریار نے اس کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہونے والی بیوی کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یاد رہے کہ شہریار منور کی شادی کی خبریں رواں سال کئی بار سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ اس سے قبل بھی اداکار نے اپنے شادی کے ارادوں کا ذکر کیا تھا، لیکن انہوں نے کبھی اپنی اہلیہ کی شناخت کا انکشاف نہیں کیا۔ تاہم، اداکار نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اداکارہ ماہین صدیقی کے لیے محبت بھری باتیں کی تھیں، جس کے بعد ان دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات کی افواہیں زور پکڑ گئی تھیں۔

شہریار منور نے اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی اور کہا کہ وہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں