سڈنی: کرکٹ کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر سر ڈان بریڈمین کی 77 سال پرانی ‘بیگی گرین کیپ’ 3 لاکھ 90 ہزار آسٹریلوی ڈالر میں نیلام ہو گئی۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 7 کروڑ روپے کے برابر بنتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ نیلامی سڈنی کے ایک مقامی نیلام گھر میں ہوئی، جہاں سر ڈان بریڈمین کی یہ تاریخی ٹیسٹ کیپ خریدی گئی۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ کیپ بریڈمین نے اپنی آخری ٹیسٹ سیریز کے دوران 1947-48 میں بھارت کے خلاف آسٹریلیا میں کھیلی تھی۔
اس سیریز میں سر ڈان بریڈمین نے شاندار کھیل پیش کیا تھا، اور اپنی 100 ویں فرسٹ کلاس سنچری اسکور کی تھی۔ انہوں نے 6 اننگز میں 715 رنز بنائے، جن میں 3 سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری شامل تھی۔ یہ کیپ اس تاریخی کارکردگی کا حصہ تھی اور اس کی نیلامی کرکٹ کے مداحوں کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئی ہے۔