ریاض: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق یہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان پانچویں ملاقات تھی۔ سعودی ولی عہد نے اس ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان حقیقی محبت اور باہمی احترام کا مظہر ہے جو عوام کو مضبوطی سے جوڑتا ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کا پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔