کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے میں جنگلات میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار کررار کا کہنا ہے کہ شیرانی اور ضلع موسیٰ خیل کے درمیانی پہاڑی سلسلے تحصیل توئی لغاڑہ کے جنگلات میں گزشتہ شام آگ لگ گی تھی ، جس پر قابو پا لیا گیاہے
۔
ڈپٹی کمشنر موسیٰ جیل کے مطابق آگ بجھانے کے لئے لیویز فورس اور مقامی افراد کے تعاون سے رات گئے آپریشن جاری رہا، آج علی الصبح آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دشوار گزار پہاڑی چوٹیوں تک پہنچ کر لیویز فورس اور مقامی لوگوں نے آگ کو بجھانے کے لئے ساری رات جدوجہد کی۔ گزشتہ شب آگ کے پھیلاؤ کے پیش نظر انسانی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار کرار کے مطابق ہوا کے باعث آگ تیزی سے اوپر کی جانب پھیل رہی تھی قابو پانے کیلئے فائر بالز استعمال کئے گئے۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو فوری ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حکم دیا تھا کہ آگ سے متاثرہ علاقے میں انسانی آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے اور آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔