لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی طرف جاتے جاتے اللہ نے راستہ تبدیل کیا اور پی ٹی آئی کا راستہ دکھانے کیلئے اللہ نے جنرل (ر) باجوہ کو بھیج دیا ۔
عمران خان کے اتحادی اور ق لیگ کے رہنما مونس الہٰی کے بعد چوہدری پرویز الٰہی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جنرل (ر) باجوہ نے انہیں کہا تھا کہ آپ کے دوستوں کا عمران خان والا راستہ بہتر ہے ۔
اس سے قبل مونس الٰہی نے دعویٰ کیا تھا کہ جنرل (ر) باجوہ نے پی ٹی آئی کو سپورٹ کیا بلکہ انہوں نے تو تحریک عدم اعتماد کے وقت بھی انھیں یعنی مونس الہی سے کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ جائیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے ڈبل گیم کھیلا ، انہیں توسیع دینا غلطی تھی ۔