سانحہ سیالکوٹ کی ہولناک تفصیلات منظر عام پرآگئیں 

07:24 PM, 4 Dec, 2021

لاہور :سیالکوٹ سانحہ کی ہولناک تفصیلات سامنے آگئیں ،سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایسا منظر نامہ سامنے آیا جسے دیکھ کر ہر روح کانپ اُٹھے گی ،مشتعل ہجوم نے جس بیدردی سے سری لنکن فیکٹری مینجر کو قتل کیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق سری لنکن مینجر کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح مشتعل ہجوم بیدردی سے حملہ آور ہوئے ،فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیکٹری کے اندرتشدد کا نشانہ بننے پر منیجر نے جان بچانے کیلئے چھت کا رخ کیا لیکن ہجوم وہاں بھی جا پہنچا،منتیں معافیاں  رحم کی کوئی اپیل مشتعل افراد پر اثر نہ کر سکی۔

ظالمانہ طریقے سے فیکٹری منیجر کو مار پیٹ کر چھت سے نیچے پھینکااور پھر بھی جب مشتعل ہجوم کو سکون نہ آیا تو سری لنکن مینجر کو زندہ جلا ڈالا،اس انسانیت سوز واقعہ کے بعد حکومت پاکستان کی مشینر ی حرکت میں آئی اور قتل میں ملوث ایسے تمام افراد کو قرار واقعی سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا جسے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا، ملزمان عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے،واضح رہے واقعے کی ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔

مزیدخبریں