سری لنکن شہری کی ہلاکت پر دکھ ہے ، پریانتھا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب

سری لنکن شہری کی ہلاکت پر دکھ ہے ، پریانتھا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سری لنکا کی حکومت اور عوام خصوصاً جاں بحق شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےکہا ہے کہ  دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ
یقین دلاتے ہیں کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے او رانصاف ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سری لنکا کے عوام اور سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں - افسوسناک واقعہ کی مذمت کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔بربریت کے اس واقعہ سے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے لیکن حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گی-

وزیراعلیٰ پنجاب نے  ذمہ داروں کے خلاف بلاتاخیر قانونی کارروائی عمل میں لانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا-
عثمان بزدار نے کہا کہ  پاکستان ہر اس شخص کا ہے جو یہاں بستا ہے۔وطن عزیز میں رہنے والا ہر شخص پاکستانی ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب،نسل یاطبقے سے ہو۔ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔  آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں ۔

یاد رہے کہ سیالکوٹ کی فیکٹری میں کارکنوں نے سری لنکن مینجر کو تشد د کرکے ہلاک کردیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن مینجر نے مذہبی پوسٹر کی توہین کی ہے ۔