سری لنکن شہری کی موت کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی

سری لنکن شہری کی موت کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی

لاہور : پنجاب حکومت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو  پیش کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کو مقامی فیکٹری کے ورکرز نے تشدد کے بعد ہلاک کردیا تھا  جس کے بعد پویس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث 112 افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے واقعہ کے بعد ویڈیو شواہد کی بنیاد پر 100 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں  ۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے سری لنکن سفارتخانے سے رابطہ کرلیا گیا ہے اورسری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی لاش کو خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد منتقل کرنےکے انتظامات کئے جا رہے ہیں جہاں سے سری لنکن سفارتخانے کے اہلکار  لاش لے کر سری لنکا روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکن شہری کی لاش کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا ہے جس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پریانتھا کمارا کا آدھے سے زیادہ جسم جلا ہوا پایا گیا تاہم جسم کا جو حصہ جلنے سے بچ گیا، اس حصے کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی پائی گئیں۔