نجی کمپنی بھی صارفین کو گیس فراہم کرسکے گی ، حماد اظہر

10:37 AM, 4 Dec, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کرنے کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے اورجلد  نجی کمپنی بھی  صارفین کو گیس فراہم کرسکے گی۔

وفاقی وزیرتوانائی حماداظہر نے اپنے ٹویٹ پیغام میں  کہا ہے کہ سوئی سدرن نے انرگیس کمپنی کو اس بات کی اصولی منظوری دے دی ہے کہ وہ اس کے درآمدی ٹرمنل کے ذریعے صارفین تک گیس فراہم کرسکے، اور اس اقدام کے ذریعے نجی شعبے کے لیے راستہ ہموار ہوگا کہ وہ ملک بھر میں قدرتی مائع گیس کی ترسیل اور دستیابی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔

انہوں نےکہا کہ  حکومت پاکستان نے توانائی کے شعبے کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کرنے کے عمل کا آغاز کردیا ہے اور سوئی سدرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کو اس بات کی اجازت دی ہے کہ ایک نجی کمپنی اس کے انفرااسٹرکچر کے ذریعے صارفین تک گیس فراہم کرسکے۔

 توانائی کے شعبے سے وابستہ ایک سرکاری افسر کا کہنا تھا کہ اب ایک نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے جس کے ذریعے پاکستان میں توانائی کا شعبہ سرکاری کنٹرول سے آزاد ہوجائے گا ۔

مزیدخبریں